اداکارہ صرحا اصغر کے ہاں ننھی پری کی آمد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صرحا اصغر نے اپنے تیسرے بچے کی پیدائش کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی ہے۔
اداکارہ صرحا اصغر اپنی جاندار اداکاری اور منفرد ڈانس پرفارمنسز کے باعث شوبز انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کے گھر نومولود بیٹی کی آمد ہوئی ہے جس کا نام الازنے مرتضیٰ رکھا گیا ہے۔
صرحا اصغر نے اس خوشی کے موقع پر فیملی فوٹو شوٹ کی خوبصورت تصاویر بھی شیئر کیں جن میں وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نظر آ رہی ہیں۔ تصاویر میں تمام افراد نے سرخ اور سیاہ رنگ کے میچنگ لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں، جس نے اس لمحے کو مزید دلکش بنا دیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اس نئی آمد کو اپنے خاندان کے لیے ایک بڑی خوشی اور رحمت قرار دیا اور مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف اداکاراؤں اور شوبز شخصیات نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بچی کی صحت اور روشن مستقبل کے لیے دعائیں بھی کی ہیں۔



