محمود خان اچکزئی سے مولانافضل الرحمان کی ملاقات،اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی میں قائد  حزب اختلاف  محمود خان  اچکزئی سے  جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی اور  ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال  اور  پارلیمانی امورپربات چیت کی۔

مولانا فضل الرحمان کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر ہوئی ملاقات میں  دونوں رہنماؤں نے  ملک میں جاری  سیاسی کشیدگی پربات چیت کی، پارلیمانی معاملات  اور اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون کے حوالے سے مختلف امورپر مشاورت بھی کی۔

دونوں رہنماؤں نے  قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کی کارروائی، حکومتی طرزعمل  اور اپوزیشن کی حکمت عملی پربھی گفتگو کی، اس دوران  پارلیمان کے عوامی مسائل کے حل اور جمہوری استحکام کے لیے  مؤثرکردار  ادا کرنے پر زور دیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  اس وقت آئین کو  بگاڑا جا رہا ہے، یہ جو کر رہے ہیں درست نہیں۔

دوسری جانب ایوان میں خطاب کرتے ہوئے   اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم عوام کے ووٹوں سے ایوان میں آئے ہیں، عوام کی اکثریت غربت کی شرح سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، ہمیں مجبوراً مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لیے اٹھنا ہوگا،  ایوان میں مہنگائی، خارجہ پالیسی اور  دہشت گردی پر بحث کرائیں۔

محمود خان  اچکزئی نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پرپابندی رہی تویہ گلہ نہ کریں کہ ہم سے پارلیمنٹ نہیں چل رہی، اگر درجہ حرارت کم کریں گے تو تعاون کریں گے، ٹمپریچر کم نہیں کریں گے تو دما دم مست قلندر  ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button