وزیراعظم شہباز شریف کی بہاولپور آمد، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے والد سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر تعزیت

بہاولپور (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ان کے بھائی ملک منیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے والد، رکن قومی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ (مرحوم) کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے غمزدہ خاندان کے افراد سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ نے بطور رکن قومی اسمبلی عوامی فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مرحوم کی دیرینہ وفاداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک نڈر اور مخلص سیاسی رہنماء کے طور پر پارٹی میں انتہائی فعال اور نمایاں کردار ادا کیا۔

تعزیتی ملاقات میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے دیگر اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ پاور سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

مزید خبریں

Back to top button