اتنی احسان فراموشی انسانی تاریخ میں کبھی سامنے نہیں آئے گی جتنی ضمیر فروشی افغانستان نے کی،خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہےکہ پاکستان بنوں پولیس چوکی پر ہوئے انتہائی افسوس ناک حملے کے جواب میں فیصلہ کن کارروائی کرسکتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سےگفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرپرستی میں یہ پراکسی وار افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے، اتنی احسان فراموشی انسانی تاریخ میں کبھی سامنے نہیں آئے گی جتنی ضمیر فروشی افغانستان نے کی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں جو کچھ بھارت کے ساتھ کیا وہی افغانستان کے ساتھ ہوگا، ہم اس دہشت گردی کے نتیجے میں بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کل وزیر اعلیٰ کے پی سے بات کی اور ہمدردی کا اظہار کیا، یہ کسی ایک صوبے کی جنگ نہیں بلکہ سارے پاکستان کی جنگ ہے۔



