وزیراعظم کی ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر فوکس کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم نے ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیان درجے کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ برآمدات پر مبنی صنعت، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے، حکومت اپنی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے پر مزکور کیے ہوئے ہے، ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتیں، جو کہ برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اہم ہیں، انہیں حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیںِ، ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت، ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادئیگی کی ہدایت کی۔ اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ پالیسی مسودے پر اجلاس میں بحث بھی کی گئی اور شرکاء نے اپنی اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔



