ایران نے امریکی تجاویز کا جواب پاکستان کے حوالے کردیا

تہران/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجاویز پر ایران کا جواب آگیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا کی تازہ ترین تجاویز پر ایران کا جواب آج پاکستانی ثالث کے ذریعے ارسال کر دیا گیا۔ اس مرحلے پر خطے میں جاری جنگ کا خاتمہ مذاکرات کا محور رہے گا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے متعدد بار کہا تھا کہ امریکی تجاویز کے بارے میں ایران کے مؤقف اور تحفظات جائزے کی تکمیل اور حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بعد بھیجے جائیں گے۔دوسری جانب ترجمان ایرانی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ خطے کے بعض ممالک امریکی فوج کے ساتھ تعاون سے گریز کریں، جو ملک ہمارے خلاف کوئی اقدامات اٹھائے گا،اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکا کا ساتھ دینے والے ممالک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔



