پاکستانیوں کی دبئی سے جبری بے دخلی،پاکستان نے خود ہی امتیازی سلوک کو مسترد کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کی وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی ٹارگٹڈ بے دخلی کی خبروں کی تردید کر تے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کو گمراہ کن قرار دے دیا۔وزارت داخلہ نے میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا کے بعض حصوں میں متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ ٹارگٹڈ بے دخلی سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی ملک بشمول یو اے ای سے پاکستانیوں کی مخصوص بنیادوں پر بے دخلی نہیں کی جا رہی۔ اگر کہیں ڈی پورٹیشن ہو رہی ہے تو وہ میزبان ملک کے قوانین، ویزا کی مدت ختم ہونے یا غیر قانونی دستاویزات کی بنیاد پر ایک معمول کا عمل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری بدستور یو اے ای اور دیگر دوست ممالک کا سفر کر رہے ہیں اور ورک ویزا حاصل کر رہے ہیں اس حوالے سے کسی قسم کی امتیازی پالیسی موجود نہیں۔

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔ کسی بھی پاکستانی شہری کے معاملے کو متعلقہ ملک کے ساتھ سفارتی چینلز کے ذریعے انفرادی بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button