مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی بحری سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف


راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ نوید اشرف نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے مقابلے کے لیے جنگی تیاریوں کو مسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
نیول چیف نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ خلیجِ عمان میں اپنی موجودگی کے ذریعے میری ٹائم کمیونٹی کو تحفظ کی یقین دہانی فراہم کر رہی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے۔ کانفرنس میں معرکۂ حق کے دوران دی جانے والی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں قومی یکجہتی اور بیرونی خطرات کے مقابلے میں پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ انہوں نے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔