امریکا ایران معاہدے کی خبروں پر تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے نیچے آگئیں

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی۔

عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد برطانوی خام تیل 100 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 8 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد امریکی خام تیل 92 ڈالر  فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا دیکھاگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پروجیکٹ فریڈم عارضی طور پر روکنے کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم آج ایران امریکا کے درمیان معاہدے ہونے سے متعلق خبروں کے بعد تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں۔

 امریکی اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا اور ایران جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں اور اگلے 48 گھنٹوں میں کئی اہم نکات پر ایرانی ردعمل متوقع ہے۔

رپورٹس میں امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری افزودگی پرپابندی پر رضامندی اور جواب میں امریکا کی ایران پرعائد پابندیاں ہٹانے اور  منجمد ایرانی فنڈز  جاری کرنے پر رضامندی شامل ہے۔

ایک صفحے پر مشتمل باہمی مفاہمت کی یادداشت میں امریکا اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز  میں آمدورفت پرپابندیاں ہٹانا بھی شامل ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button