مولانا محمد ادریس کے قتل پر جے یو آئی (ف) کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد/پشاور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے صوبائی سرپرست مولانا محمد ادریس کے قتل کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پارٹی قیادت کے مطابق مولانا محمد ادریس کو آج فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، جس پر جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ ملک میں مسلسل علما کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سوال اٹھایا کہ آخر کب تک جنازے اٹھاتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو اس کے وجود پر سوال اٹھتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کل ملک کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور حکومت سے امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا۔

مولانا عطا الرحمان نے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علما ریاست کے خیر خواہ ہیں لیکن انہیں مسلسل ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور حکومت پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج نہ صرف بدامنی کے خلاف ہوگا بلکہ حکومتی کارکردگی پر بھی سوال اٹھایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button