اوپیک پلس نے تیل کی پیداوار بڑھانے کا اعلان کردیا

ویانا(جانوڈاٹ پی کے)عالمی توانائی منڈی میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اوپیک نے تیل کی پیداوار بڑھانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی کو مستحکم کرنا اور قیمتوں میں توازن برقرار رکھنا بتایا جا رہا ہے۔
اوپیک کے رکن ممالک کے اجلاس میں اتفاق رائے سے طے پایا کہ آئندہ مہینوں میں پیداوار میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا تاکہ بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ اعلامیے کے مطابق یہ اقدام عالمی معیشت کو سہارا دینے اور توانائی بحران کے خدشات کو کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، جس سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کو ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم بعض تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر طلب میں غیر متوقع اضافہ ہوا تو قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہ سکتا ہے۔
یواے ای کی علیحدگی کے بعد اوپیک پلس اجلاس میں رکن ممالک نے تیل کی پیداوار میں یومیہ ایک لاکھ 88ہزار بیرل اضافہ کا اعلان کردیا۔ تیل کی پیداوار میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق جون سے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق فیصلہ عالمی تیل منڈی کے استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کے تحت کیا گیا، اقدام کا مقصد مارکیٹ میں توازن برقرار رکھنا اور رسد و طلب کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
تیل کی پیداوار میں اضافہ شریک ممالک کو تیل کی کمی پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گا، اوپیک پلس اجلاس میں سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان شریک ہوئے۔



