ملک بھر میں بارشوں کا نیا اسپیل، آندھی، ژالہ باری اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق آج سے 4 مئی تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں 5 مئی تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ برقرار رہے گا، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آج اور کل بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں02 مئی سے 04 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم کے مطابق صوبہ کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے،پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز بارش اور آندھی کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔



