عید الاضحیٰ کونسی تاریخ کو ہوگی؟

موسم صاف رہاتو ذی الحجہ1447ہجری کاچاند17مئی کی شام دیکھا جا سکے گا،یکم ذی الحجہ پیر18مئی کو ہوگی

 

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پیشگوئی کی ہے کہ اگر موسم صاف رہا توپاکستان میں ذی الحجہ1447ہجری کاچاند اتوار17مئی 2026 کی شام دیکھا جا سکے گا، جس کے بعد یکم ذی الحجہ پیر18مئی کو ہو گی جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ27مئی2026ء کو منائے جانے کا امکان ہے۔رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند16اور17مئی کی درمیانی رات پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر ایک منٹ پر پیدا ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ17مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے کچھ زیادہ ہو گی، جو رویتِ ہلال کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریباً 55 منٹ جبکہ پشاور میں 63 منٹ ہو گا، اس لیے ملک کے جن علاقوں میں مطلع صاف ہوا وہاں ننگی آنکھ سے چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے۔رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق اگر 17 مئی کی شام ملک بھر میں بادل ہوئے اور چاند نظر نہ آ سکا تو ذی القعدہ کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور پھر یکم ذی الحجہ منگل 19 مئی کو ہو گی۔کونسل نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس بار پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی روز یعنی 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button