جنوبی وزیرستان میں سرحد پار گولہ باری، ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں ایک بار پھر گولہ باری کا واقعہ پیش آیا، جس میں پاکستانی سول آبادی متاثر ہوئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل 2026 کو سرحد پار سے داغا گیا مارٹر گولا مقامی شہری کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر آ گرا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اشفاق کے مطابق زخمیوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

متاثرہ شہری نور علی نے بتایا کہ گولہ اچانک گھر پر آ گرا جس سے زور دار دھماکا ہوا، جبکہ ایک اور شہری کے مطابق دھماکے کی شدت سے پورا گھر لرز اٹھا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں بار بار ہونے والی گولہ باری کے باعث عام شہری، خصوصاً بچے، شدید خوف میں مبتلا ہیں اور علاقے میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد پار سے سول آبادی کو نشانہ بنانا تشویشناک عمل ہے، جس سے علاقائی امن و استحکام متاثر ہو رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button