ایل این جی دستیابی سے رات میں بجلی کا شارٹ فال ختم ہو جائے گا، پاور ڈویژن

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاور ڈویژن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کا اخراج بڑھنے سے رات میں بجلی کا شارٹ فال ختم ہو جائے گا۔

ترجمان نے 29 اپریل کی رات پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات پیک ٹائم میں کوئی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔

بیان کے مطابق گزشتہ روز پن بجلی کی پیداوار 6000 میگاواٹ رہی جبکہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی استعداد 11500 میگاواٹ ہے، مزید پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پن بجلی اور اضافی مقامی گیس کی دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار میں اضافے سے ملک کے جنوب سے نیشنل گرڈ میں استحکام آیا، جس کے نتیجے میں مزید 100 میگاواٹ سنٹر لانے میں آسانی ہوئی اور ملک کے جنوب سے مجموعی طور پر 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہوئی۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ ملک میں زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاہم اکنامک لوڈ مینجمنٹ کا پیک اوقات میں لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی حالات کے باعث ایل این جی کی عدم دستیابی کے سبب 4700 میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی، تاہم ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات میں بجلی کا شارٹ فال ختم ہو جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button