ایران کی سفارتی کوششیں کامیاب، توسکا جہاز کے 6 ایرانی عملے کے ارکان رہا

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران کی کوششوں کے باعث توسکا نامی جہاز کے عملے کے 6 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حکومت نے حال ہی میں ایران جانے والے کنٹینر جہاز توسکا کو قبضے میں لیا تھا جس پر عملے کے 28 ایرانی اراکین سوار تھے۔
امریکی کارروائی کے وقت ایران کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جہاز پر ایرانی عملے اور ان کے اہلخانہ کی موجودگی کے باعث اس مرحلے پر فوجی کارروائی سے گریز کیا گیا تاہم ان کی رہائی کیلئے سرکاری سطح پر کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے دیگر ضروری اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی کوششوں کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 6 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اس وقت ایران میں موجود ہیں، جہاز پر موجود باقی 22 ایرانی شہریوں کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔



