فیلڈ مارشل عاصم منیردنیامیں امن کیلئے سب سے توانا آواز ہیں،گرپتونت سنگھ پنوں

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں مقیم سکھوں کیلئے’خالصتان ریفرنڈم’ کی ووٹررجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ سکھ فار جسٹس نے فیلڈمارشل عاصم منیر کی قیادت کوزبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔خالصتان کے40ویں یوم تاسیس پر سکھ فارجسٹس کی ویڈیولنک پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مودی کا گھمنڈ خاک میں ملایا،بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے تحریک جاری رہے گی،بھارتی پنجاب کو خودمختار ریاست بنانے کے لئے آزادی واحد راستہ ہے۔گرپتونت سنگھ کا کہناتھا کہ صدر ٹرمپ نے بھی بارہا فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو سراہا ہے،فیلڈ مارشل اس وقت دنیامیں امن کیلئے سب سے توانا آواز ہیں،خالصتان ریفرنڈم مہم پنجاب سے نکل کر عالمی تحریک بن چکی،خالصتان کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی۔ گرپتونت سنگھ پنوں کا کہناتھا کہ کشمیر سے کنیاکماری تک مقیم سکھ ریفرنڈم میں رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔بھارتی جارحیت کی صورت میں خالصتان کے حامی سکھوں نے پاکستان کے بھرپور دفاع کے عزم کا اظہار کیا، ایس ایف جے نے کہا کہ پاکستان گرونانک کی جنم استھان ہےاس کا دفاع اپنے خون سے کریں گے۔
گرپتونت کا کہناتھا کہ ہندوستان کا پنجاب ایک خود مختار ملک تھا اور جلد دوبارہ خود مختار ملک بنے گا،ابتک 18 لاکھ سے زائد سکھ خالصتان ریفرنڈم میں ووٹ کاسٹ کر چکے،دہلی،ہریانہ اور ہماچل پردیش کے گوردواروں میں ووٹرر جسٹریشن کاعمل شروع کیا جائے گا،1986ءمیں جوقربانیاں دی گئیں،2026ءان کےثمرات سمیٹنے کا سال ہے۔



