ایران نے خود بتایا وہ امریکی ناکہ بندی کے باعث اندرونی طور پر زوال پذیر ہے؛ ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تعطل کے شکار جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری کیے گئے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران نے خود کہا ہے کہ ان کا ملک اندر سے زوال پذیر ہے۔
صدر ٹرمپ کے بقول ایران نے یہ درخواست بھی کی ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھول دے کیونکہ وہ قیادت کی صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ایران اس صورتحال سے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ ان سے ایران کے کس حکام نے کب، کہاں اور کس طرح رابطہ کیا تھا اور اب امریکی صدر کیا حکمت عملی اپنائیں گے۔
تاحال ایرانی حکام کی جانب سے اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کسی بین الاقوامی ذریعے نے ٹرمپ کے اس دعوے کی تصدیق کی ہے۔



