مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں 314 ملین ڈالر کما کر ریکارڈ قائم کردیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)’کنگ آف پاپ‘ مائیکل جیکسن اب سینما اسکرین پر بھی چھا گئے ہیں، مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم ’مائیکل‘ نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے دنیا بھر میں 314 ملین ڈالر کما کرنیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 24 اپریل کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے مقامی سطح پر 97 ملین ڈالر اور بین الاقوامی مارکیٹ میں 217 ملین ڈالر کا شاندار بزنس کیا ہے۔ اس ریکارڈ ساز کامیابی کے بعد ’مائیکل‘ کسی بھی شخصیت کی زندگی پر بننے والی (بائیوپک) فلموں میں ’اسٹریٹ آؤٹ آف کامپٹن‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے بڑی اوپننگ لینے والی فلم بن گئی ہے۔

یہی نہیں، یہ فلم 2026 میں اب تک کی دوسری بڑی اوپننگ کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے، جس سے آگے صرف ’دی سپر ماریو گلیکسی مووی‘ موجود ہے۔

انتوان فوکوا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو جان لوگن نے تحریر کیا ہے، جبکہ فلم میں لیجنڈری گلوکار مائیکل جیکسن کا مرکزی کردار ان کے بھتیجے جعفر جیکسن نے نبھایا ہے۔

فلم میں مائیکل جیکسن کے بچپن کا کردار جولیانو کرو والڈی نے ادا کیا ہے، جبکہ کولمین ڈومنگو ان کے والد جو جیکسن کے روپ میں نظر آئے ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں نیا لونگ، مائلز ٹیلر، لورا ہیریئر اور مائیک مائرز جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

مائیکل جیکسن کے خاندان کے تعاون سے تیار کی گئی یہ فلم موسیقی کی دنیا کے اس عظیم آئیکون کی زندگی اور ورثے کی عکاسی کرتی ہے جس کا انتقال 2009 میں 50 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ اب تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی میوزک بائیوپک ’بوہیمین ریپسوڈی‘ ہے جس نے 910 ملین ڈالر کمائے تھے، جبکہ مجموعی طور پر سب سے کامیاب بائیوپک کا ریکارڈ ’اوپن ہائیمر‘ کے پاس ہے جس نے 975 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button