عباس عراقچی نے دورہ اسلام آباد میں امریکا کیلئے تحریری شرائط پاکستان کو پیش کردیں، ایرانی خبر ایجنسی

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے دورہ اسلام آباد کے دوران امریکا کے لیے ایران کی تحریری شرائط پاکستان کو پیش کردیں۔
ایرانی خبرایجنسی کا کہنا ہے ایران کی پیش کردہ تحریری شرائط میں ایران نے اپنے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی سرخ لکیریں واضح طور پر بیان کی ہیں۔
ایرانی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز کے نئےضابطے، ناکہ بندی کے خاتمے، معاوضے اور عدم جارحیت پربات کی۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی مختصر دورے کے بعد پاکستان سے روس روانہ ہوگئے۔ عباس عراقچی نےمختصر دورے میں پاکستانی سیاسی اور عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، انہوں نے 24 گھنٹوں کے دوران 2 مرتبہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
اس دوران انہوں نے مسقط کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے عمان کے سلطان سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے سعودی اور قطری وزرائے خارجہ سے بھی فون پر گفتگو کی۔



