برطانوی وزیراعظم کاٹرمپ سے رابطہ،فائرنگ واقعہ پر خیریت دریافت کی، آبنائے ہرمز کی بحالی پر زور

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کے وزیراعطم کیئراسٹارمر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی فوری بحالی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا تاکہ شپنگ معمول میں آجائے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکی صدر کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے ڈنر کی تقریب میں فائرنگ کے بعد برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور واقعے پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور آبنائے ہرمز کی بحالی سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔
ترجمان کے مطابق کیئراسٹارمر نے وائٹ ہاؤس ڈنر میں تشویش ناک واقعے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول کے لیے نیک خواہشات اور ان کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
برطانوی وزیراعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس افسر کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور آبنائے ہرمز میں شپنگ کے معمولات کی بحالی کی فوری ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا کیونکہ اس سے بین الاقوامی معیشت پر بدترین اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیوں کی معطلی پر انہوں نے کہا کہ اس سے برطانیہ اور دنیا بھر کے شہریوں کو مہنگائی کا سامنا ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ آمد ورفت کی بحالی کے حوالے سے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے ساتھ مشترکہ اقدام پر تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
برطانیہ کی حکومت نے آبنائے ہرمز کی بحالی کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے قبل دنیا بھر سے 40 ممالک کے اجلاس کی صدارت کی تھی، بعد ازاں مذکورہ ممالک کے فوجی عہدیداروں نے بھی مشاورت کی تھی۔
برطانوی کی سربراہی میں آبنائے ہرمز کی بحالی کے لیے مشترکہ اقدامات کی کوششیں کرنے والے ممالک میں فرانس اور جرمنی سمیت دیگر اہم طاقتیں شامل ہیں۔



