صدر زرداری اہم موقع پرباربارغائب کیوں ہو رہے ہیں؟سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے سیاسی اور سفارتی منظر نامے پر اس وقت گہری تشویش پائی جا رہی ہے کہ جب بھی اسلام آباد میں کوئی اہم عالمی وفد یا مذاکرات ہو رہے ہوتے ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری ایوان صدر سے غائب کیوں ہو جاتے ہیں؟ حالیہ رپورٹ کے مطابق، جب ایران کا اہم وفد امریکی تجاویز کا جواب لے کر اسلام آباد پہنچا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، تو صدر زرداری ایک بار پھر اچانک لاہور روانہ ہو گئے۔ ان کی یہ روانگی کسی سیاسی بحران کے بجائے اپنے ایک قریبی دوست اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب منظور وٹو کے داماد نواب شہزاد وٹو کی صاحبزادی کی منگنی کی تقریب میں شرکت کے لیے بتائی گئی ہے۔
پنجاب میں پیپلز پارٹی کے ورکرز اور جیالوں میں شدید مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ صدر زرداری کے لاہور کے دورے کے دوران پارٹی کی مقامی قیادت اور تنظیم کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا، جس سے یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ پیپلز پارٹی اب پنجاب میں سیاسی سودے بازی کے تحت اپنی جگہ خالی کر چکی ہے تاکہ سندھ میں اپنی حکمرانی کو برقرار رکھ سکے۔ جیالوں کا کہنا ہے کہ "چاروں صوبوں کی زنجیر” کا نعرہ اب صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، جو کہ ایک جمہوری پارٹی کے لیے سیاسی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔




