اے این پی کا پختونخوا اسمبلی اجلاس سٹیڈیم میں بلانے پر بائیکاٹ کا فیصلہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس سٹیڈیم میں بلانے پر اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
عوامی نیشنل پاڑٹی (اے این پی) نے صوبائی اسمبلی اجلاس سٹیڈیم میں منعقد کرنے پر صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کی۔
صوبائی صدر اے این پی میاں افتخار نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت آئے روز کوئی نا کوئی نیا ڈرامہ رچار ہی ہے، عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں، جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کرنے کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مصروف ہے، سٹیڈیم میں اجلاس بلانے کا آخر مقصد کیا ہے؟
میاں افتخار نے صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ عوام کو براہِ راست کارروائی دکھانا مقصود ہے تو کیا اسمبلی اجلاس پہلے سے لائیو نشر نہیں ہوتے؟، یہ اقدام محض عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے تاہم اس غیر ضروری اقدام پر آنے والے اخراجات کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جانا چاہیے تھا۔
صوبائی صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ صوبہ اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے، کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائے، عوامی نیشنل پارٹی اس ڈرامہ بازی کا حصہ نہیں بنے گی اور اس اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔



