پشاور:سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران مطلوب دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ ریگی ناردرن بائی پاس کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو کارروائی کی غرض سے تیاری کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جس پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز کے جوانوں نے پوری تیاری کے ساتھ مذکورہ علاقے میں کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد ناردرن بائی پاس کے قریب پہنچے اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کو دیکھتے ہی قتل کے ارادے سے فائر کھول دیا تاہم اپنے دفاع میں سی ٹی ڈی کے جوانوں نے جوابی فائرنگ شروع کی جو کافی دیر تک جاری رہی جبکہ فائرنگ رک جانے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر دوران سرچ آپریشن دو دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے ایک ضرب کلاشنکوف، پستول نائن ایم ایم اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، جامہ تلاشی پر شناختی دستاویزات سے دہشت گردوں کی شناخت عباس قسمت خان اور عثمان کستور خان ساکنان شاہی بالا کے طور پر ہوئی۔



