ایران پرفضائی حملوں کی تیاری،مریم نواز کی کارکردگی کا چرچا!

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور مستند ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کسی بھی وقت دوبارہ چھڑ سکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ ایران کو ٹول ٹیکس اور معاشی فوائد سے روکا جا سکے، جس پر ایران نے سخت وارننگ دی ہے کہ اگر کسی نے بدمعاشی کی کوشش کی تو آبنائے ہرمز ان کی آخری پناہ گاہ ثابت ہوگی۔ وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق ٹرمپ اور ان کے مشیر ایران پر محدود فضائی حملوں پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں تاکہ اسے مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے، جبکہ دی اکانومسٹ کا خیال ہے کہ ٹرمپ مزید مالی اور سیاسی نقصان کے خوف سے شاید ایسا نہ کریں۔ ٹرمپ کے جارحانہ رویے کا عالم یہ ہے کہ انہوں نے اپنے مذہبی پیشوا پوپ لیو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جنہوں نے ایران پر حملے کو جرم قرار دیا تھا۔
ملکی سیاست میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق 69 فیصد عوام مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ 32 فیصد نے ان کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔ ناقدین جو پہلے مریم نواز کے تجربے پر سوال اٹھاتے تھے، اب ان کے ‘صاف ستھرا پنجاب’ جیسے 70 سے زائد عوامی منصوبوں کی کامیابی تسلیم کر رہے ہیں۔ وفاق میں وزیر اعظم شہباز شریف کی کامیاب سفارت کاری اور پنجاب میں مریم نواز کی عوامی مقبولیت نے ن لیگ کے سیاسی گراف کو بلند کر دیا ہے۔ تاہم، سرحد پار بڑھتی ہوئی کشیدگی اور 22 اپریل سے قبل مذاکرات کی بحالی کی کوششیں اب ٹرمپ کے ممکنہ جنگی جنون کی بھینٹ چڑھتی نظر آ رہی ہیں۔




