’’آشا بھوسلے‘‘کامواد کیوں نشر کیا؟جیو نے پیمرا کو جواب دے دیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پیمرا نے جیو نیوزکوگلوکارہ آشا بھوسلے سے متعلق مواد نشر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے جیو نیوز کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، جس میں معروف بھارتی گلوکارہ اور برصغیر کی لیجنڈری آرٹسٹ آشا بھوسلے سے متعلق نشر کیے گئے مواد پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

جیو نیوز کی جانب سے آشا بھوسلے کی فنی خدمات اور ان کے گانوں کو نشر کیا گیا تھا، جس پر ریگولیٹر نے اعتراض اٹھایا ہے۔

جیو نیوز کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ برصغیر کی عظیم فنکارہ آشا بھوسلے کی خدمات کو اجاگر کرنا ایک روایتی میڈیا عمل ہے، اور ایسے مواقع پر فنکاروں کی زندگی اور ان کے شاہکاروں کو یاد کیا جاتا ہے۔ ادارے کے مطابق اس نشریات میں کسی قسم کی منفی یا متنازع بات شامل نہیں تھی۔

مزید کہا گیا ہے کہ آشا بھوسلے کا شمار برصغیر کی عظیم موسیقی شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے نہ صرف پاکستان کی لیجنڈری گلوکارہ نور جہاں کو اپنی “بڑی بہن” قرار دیا بلکہ استاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ بھی موسیقی کے امتزاج میں کام کیا۔ اسی طرح انہوں نے ناصر کاظمی جیسے عظیم اردو شعرا کے کلام کو بھی اپنی آواز دی۔

جیو نیوز کے مطابق فن اور موسیقی سرحدوں سے بالاتر ہیں اور یہ انسانیت کے مشترکہ ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔ ادارے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جنگ اور کشیدگی کے ادوار میں فنکار اور تخلیق کار وہ آوازیں ہوتے ہیں جو نفرت کے بجائے محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔

پیمراکی جانب سے اس معاملے پر مزید کارروائی کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ میڈیا حلقوں میں اس نوٹس پر بحث جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button