پاکستان’’پنچائیت کا بڑا‘‘،غیر ملکی صحافی حیران

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں قائم بین الاقوامی میڈیا سینٹر اس وقت عالمی توجہ کا محور بنا ہوا ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے صحافی ان تاریخی مذاکرات کی پل پل کی خبر پہنچانے کے لیے موجود ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اگرچہ سیکیورٹی انتہائی سخت ہے، لیکن اسلام آباد کی خوبصورتی اور منظم انتظامات نے غیر ملکی صحافیوں کو حیران کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد نے مذاکرات کے باضابطہ آغاز کے لیے کچھ نئی اور سخت شرائط سامنے رکھی ہیں، جن میں قطر میں منجمد 6 بلین ڈالر کے اثاثوں کی فوری ریلیز اور لبنان میں مکمل جنگ بندی شامل ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز (Reuters) نے ایک اعلیٰ سطحی ایرانی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ان اثاثوں کو رہا کرنے پر رضامند ہو گیا ہے، جو کہ مذاکرات کی کامیابی کی جانب ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
پاکستانی قیادت اس وقت ایک "پنچائیت” کے بڑے کی طرح دونوں فریقین کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ایرانی وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہو چکی ہے، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ مشاورت میں مصروف ہیں۔ ایک دلچسپ مشاہدہ یہ بھی سامنے آیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی وفد کا استقبال اپنی فوجی وردی میں کیا، جسے عالمی سطح پر پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی اور ضمانت کے ایک طاقتور پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب، جے ڈی وینس کا استقبال سویلین لباس میں کیا گیا، جو سفارتی آداب اور جوابی پروٹوکول کی عکاسی کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اس وقت عالمی سفارت کاری کا دارالحکومت بن چکا ہے، جہاں سے نکلنے والا کوئی بھی فیصلہ عالمی معیشت اور امن پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔




