مذاکرات سے پہلے ہی ایران کی بڑی جیت،امریکانے اہم ترین مطالبات مان لئے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے تاریخی "اسلام آباد مذاکرات” نے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی عالمی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور ایران نے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے سے پہلے ہی بڑی سفارتی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی زبردست ثالثی اور سفارت کاری کے نتیجے میں امریکہ نے ایران کے چند بنیادی مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، جن میں لبنان میں فوری جنگ بندی اور ایران کے برسوں سے منجمد چھ ارب ڈالر کے اثاثوں کی بحالی کا فیصلہ شامل ہے۔ اس پیش رفت کو خطے میں امن کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان نے ایرانی وفد کو ان کے ملک سے اسلام آباد لانے اور واپسی تک فول پروف سیکیورٹی کی مکمل ضمانت دی ہے، جس کے لیے پاک فضائیہ کے طیارے مسلسل فضائی نگرانی پر مامور ہیں۔
پاکستان کے اس کلیدی کردار کو عالمی سطح پر بھرپور پزیرائی مل رہی ہے اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی وزیراعظم پاکستان کو فون کر کے ان کوششوں کو سراہا ہے۔ مذاکرات کے اس عمل نے جہاں دنیا بھر میں امید کی کرن پیدا کی ہے، وہیں بھارتی میڈیا اور مخصوص لابیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جو اس امن عمل کو سبوتاج کرنے کے درپے تھے۔ اعتماد سازی کے لیے ایران نے بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے "آبنائے ہرمز” کو بین الاقوامی جہاز رانی بشمول امریکی طیاروں کے لیے مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف پاک-ایران تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہیں بلکہ یہ پاکستان کی عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی مضبوط سفارتی پوزیشن کا منہ بولتا ثبوت بھی ہیں۔




