اسلام آباد ہائی الرٹ،ٹرمپ کی ایران کو خوفناک دھمکی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی دارالحکومت میں عالمی امن کیلئے ایک انتہائی اہم معرکے کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس کے لیے شہر کو مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے ان مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک وفد پہلے ہی پہنچ چکا ہے جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی سپیکر باقر قالیباف کریں گے۔
اسلام آباد کے ریڈ زون کو فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑی کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے کیونکہ ماضی میں دو بار مذاکراتی عمل کو حملوں کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے۔ صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جب تک حتمی معاہدہ نہیں ہو جاتا، امریکی افواج اور بحری بیڑے ایران کے گرد موجود رہیں گے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ایسا حملہ کیا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ دوسری جانب ایران نے شکایت کی ہے کہ 10 نکاتی سیز فائر ایجنڈے میں سے پہلے ہی تین نکات کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے جن میں ایرانی فضائی حدود میں ڈرونز کی مداخلت، یورینیم افزودگی کے حق کو تسلیم نہ کرنا اور لبنان پر اسرائیلی حملے شامل ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حالیہ بدترین بمباری نے بھی امن عمل پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں جس کے ردعمل میں ایران نے ابنائے ہرمز کو ایک بار پھر بند کر دیا ہے۔ دنیا بھر کی نظریں اب اسلام آباد پر لگی ہوئی ہیں کہ آیا یہ مذاکرات مشرق وسطیٰ کو کسی بڑی جنگ سے بچا پائیں گے یا اسرائیل کی شرارتیں ایک بار پھر امن کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گی۔




