یورپی رہنماؤں کاامریکا اور ایران جنگ بندی کا خیرمقدم،مستقل امن کیلئےمذاکرات پرزور

برسلز/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)یورپی رہنماؤں کا امریکا اور ایران جنگ بندی کا خیرمقدم،مستقل امن کیلئےمذاکرات پر زوردیا ہے۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی، جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز، برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن، نیدرلینڈز کے وزیر اعظم روب جیٹن، اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیئن اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا مشترکہ طور پر خیرمقدم کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے اس جنگ بندی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کو اس معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے فوری اور سنجیدہ مذاکرات ناگزیر ہیں۔
بیان میں خاص طور پر آبنائے ہرمز میں بحری تجارت کی بحالی، عالمی تیل سپلائی کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کو ترجیح قرار دیا گیا۔ یورپی قیادت نے کہا کہ جنگ بندی صرف پہلا قدم ہے، اصل کامیابی ایک ایسے دیرپا معاہدے میں ہے جو خطے میں مستقبل کی کشیدگی کو روکے۔رہنماؤں نے اس موقع پر سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یورپ ہر اس کوشش کے ساتھ کھڑا ہے جو خطے میں امن، تجارت کے تسلسل اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔



