ٹھٹھہ میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں بے تحاشہ اضافہ کیخلاف عوامی احتجاج

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں بے تحاشہ اضافہ کیخلاف عوامی احتجاج شروع ہوگیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔حمید شورو، عبداللہ آدم گندرو، محرم خاصخیلی اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔تو دوسری جانب قومی عوامی تحریک ٹھٹھہ کی جانب سے ضلعی صدر ممتاز شیخ اور مرکزی رھنما سندھی یاسر جاکھرو، اعجاز پلیجو کی قیادت میں بھی پیٹرولیم مصنوعات اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے بھرپور احتجاج کیا گیا اور دھرنہ بھی دیا گیا۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مھنگائی سے تنگ آ چکے ہیں آئے دن ملک میں بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے تو دوسری جانب فارم 47 کی پیداوار حکومت کی جانب سے مہنگائی سے پریشان عوام پر گویا ہائیڈروجن بم گرا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جو ملک کی عوام سے کھلی دشمنی کے مترادف ہے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکمران عیش و عشرت میں مصروف ہیں جبکہ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔



