شہبازشریف کو یورپی کونسل کے صدرکا ٹیلیفون ،مذاکرات اورسفارتکاری کی ضرورت پر زور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر انتونیوکوسٹا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران دونوں رہنماؤں کا خلیج میں جاری کشیدگی پر سخت اظہارتشویش کا اظہار کیا اور بحران کےحل کیلئےمذاکرات اورسفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ٹیلیفون کیا۔ ٹیلیفونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خلیج میں جاری کشیدگی اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر اظہار تشویش کیا۔ بحران کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
انتونیو کوسٹا نے کہا کہ یورپی یونین خطےمیں امن واستحکام کیلئےسفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔ طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کے برسلزمیں خیرمقدم کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اٹھائیس اور انتیس اپریل کو اسلام آباد میں پاک یورپی یونین بزنس فورم کا افتتاح کروں گا۔ وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلاوان ڈیرلیئین کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔



