سول اسپتال مٹھی میں کروڑوں روپے کی مشینری نصب نہ ہو سکی،رانا ہمیر سنگھ کی ملاقاتیں، نئی عمارت کا جائزہ

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر مٹھی میں قائم سول اسپتال کے لیے آنے والی ایم آر آئی، اسکین اور دیگر مشینری کئی عرصہ گزرنے کے باوجود نصب نہ ہونے پر ایم پی اے سندھ رانا ہمیر سنگھ سوڈھو مٹھی پہنچے اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی اور دیگر انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس ملاقات میں نئی تعمیر ہونے والے ڈی ایچ کیو اسپتال مٹھی کی عمارت کو جلد مکمل کرنے اور اس میں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشین کو جلد فعال بنانے پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے بعد رانا ہمیر سنگھ سوڈھو نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر بھرت کمار، سول سرجن سول اسپتال مٹھی ڈاکٹر شاہد علی جھنجھی، ایکسین بلڈنگ عرفان علی، اسسٹنٹ انجینئر بلڈنگ اور دیگر کے ہمراہ نئے تعمیر ہونے والے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایم پی اے رانا ہمیر سنگھ سوڈھو نے تمام افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے تھر کے لوگوں کی سہولت کے لیے سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کی منظوری لی تھی، مگر افسوس ہے کہ کافی عرصہ گزرنے کے باوجود یہ مشینیں تھر کے لوگوں کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مشینوں کے لیے بجلی کا ٹرانسفارمر اور دیگر تمام سامان منظور ہو کر مٹھی پہنچ چکا ہے اور نصب بھی کیا جا چکا ہے، مگر عمارت کا کام مکمل نہیں ہو سکا۔
اس موقع پر انہوں نے ایکسین اور اسسٹنٹ انجینئر بلڈنگ عرفان علی کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عمارت کا باقی ماندہ کام جلد مکمل کیا جائے، خاص طور پر جہاں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینیں نصب ہونی ہیں، ان کمروں کا کام 15 دن کے اندر مکمل کر کے دیا جائے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر، سول سرجن مٹھی اور اے ڈی ایچ او مٹھی کو بھی ذاتی کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔



