مسجد اقصیٰ میں داخلے کی کوشش پر اسرائیلی فورسز کا نمازیوں پر حملہ، متعدد افراد گرفتار

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی فورسز نے شب قدر کی عبادات کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلےکی کوشش کرنے والے نمازیوں پر حملہ کیا اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مسلمانوں نے مقبوضہ یروشلم میں مسجد الاقصیٰ تک رسائی نہ ملنے پر مسجد کے قریب ترین مقامات پر سڑکوں اور کھلی جگہوں میں نماز ادا کی۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے خلاف امریکا اسرائیل کی حالیہ جنگ کے بعد سے مسلسل 18 دن ہوچکے ہیں مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کو عبادت کی اجازت نہیں دی جارہی۔
فلسطینی انتظامیہ کے مطابق اسرائیل نے پورے علاقے کو فوجی علاقے میں تبدیل کر دیا ہے اور سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار وہاں تعینات ہیں۔
پابندیوں کی وجہ سے لوگ اپنی روزانہ کی نمازیں اور رمضان کی عبادتیں سڑکوں پر ادا کرنے پر مجبور ہیں، حالانکہ عام طور پر مسجد اقصیٰ میں ماہ رمضان میں نمازیوں کی تعداد کئی ہزار ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیل کی فوج نے مسجد اقصیٰ کی بندش میں عید الفطر کے اختتام تک توسیع کر دی ہے اور ایک وقت میں اوقاف کے 25 سے زائد ملازمین کے مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔



