سکیورٹی خدشات، برطانوی ائیرلائن کی مشرق وسطیٰ کیلئے پروازیں موسمِ گرما تک معطل

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانوی فضائی کمپنی نے سکیورٹی خدشات کے باعث دبئی کے لیے تمام پروازیں موسمِ گرما تک منسوخ کردیں۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی ائیر لائن نے ناصرف دبئی بلکہ عمان، بحرین اور اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے لیے بھی پروازیں 31 مئی تک معطل کردی ہیں۔
اس کے علاوہ دوحہ قطر کے لیے فلائٹس اپریل کے آخرتک جبکہ ابوظبی کے لیے پروازیں مزید طویل مدت تک بند رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال کی مسلسل غیر یقینی صورتحال اور فضائی حدود میں عدم استحکام اور اپنے صارفین کی حفاظت کے لیے ہم نے اپنے فلائٹ شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔
حکام کے مطابق ہم صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور متاثرہ صارفین کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس کےباعث پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں تاہم اب دبئی آنے اور جانے والی پروازیں بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔



