ایران شہری آبادی پر کلسٹر بم استعمال کر رہا ہے ،اسرائیلی وزیر خارجہ

واشنگٹن/تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیرخارجہ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اسرائیلی شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے کلسٹر بم استعمال کر رہا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ایران کی جانب سے ایسے ہتھیاروں کا استعمال جان بوجھ کر شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
اسرائیلی مؤقف کے مطابق ایرانی فورسز کی جانب سے بار بار کلسٹر بموں کے استعمال سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران شہریوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے باعث عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور متعدد علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے۔
اسرائیلی حکام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ شہری آبادی کے خلاف ایسے ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لیا جائے اور ایران پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے اس الزام پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ایران اور اسرائیل کے درمیان صورتحال بدستور انتہائی کشیدہ ہے اور عالمی برادری اس تنازع کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔



