لبنان پر اسرائیلی حملوں میں اموات کی تعداد 31 ہوگئی

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)لبنان پر گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں اموات کی تعداد 31 ہوگئی

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں 149 افراد زخمی بھی ہوئے۔

لبنانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان کے وزیر انصاف نے اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے والوں کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی و اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد اسرائیل کے خلاف حملوں کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے شہر حیفا میں میزائل داغے تھے۔

حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ حملہ ایرانی سپریم لیڈر پر حملے کے انتقام کے طور پر کیا گیا ہے، اسرائیل لبنانی مقبوضہ علاقوں سے نکل جائے۔

حزب اللہ نے کہا کہ قیادت ہمیشہ اس بات پر زور دیتی آئی ہے کہ اسرائیلی حملوں کے تسلسل اور ہمارے قائدین، نوجوانوں اور عوام کے قتل نے ہمیں اپنے دفاع اور مناسب وقت اور مناسب جگہ پر جواب دینے کا حق دیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہناہے کہ حزب اللہ کے پروجیکٹائلز کو ناکارہ بنا دیا گیا اور لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button