بدین میں جیل کوارٹر سے مبینہ بے دخلی پر خواتین کا جیل کے مرکزی گیٹ پر احتجاجی دھرنا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) بدین جیل انتظامیہ کی جانب سے سرکاری کوارٹر سے مبینہ بے دخلی کے خلاف خواتین نے جیل کے مرکزی دروازے کے سامنے سڑک بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق بدین میں جیل انتظامیہ کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ایک پولیس اہلکار کی اہلیہ اپنے بچوں سمیت سڑکوں پر نکل آئی۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے سرکاری کوارٹر سے بے دخل کرنے پر متاثرہ خواتین نے جیل کے مرکزی گیٹ کے سامنے روڈ بلاک کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا احتجاج کرنے والی خواتین بی بی بلیڈی، شمی بلیڈی اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا شوہر جیل پولیس محکمے میں ملازم ہے اور حکومت کی جانب سے انہیں جیل کے کوارٹرز میں رہائش فراہم کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ نے انہیں ان کے الاٹ شدہ گھر سے زبردستی اور بلاجواز بے دخل کر دیا، جو سراسر ناانصافی ہے خواتین کا کہنا تھا کہ سخت گرمی اور روزے کی حالت میں وہ صبح سے جیل کے گیٹ پر کھڑی ہیں لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ متاثرہ خواتین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ انہیں اپنے الاٹ شدہ کوارٹر میں رہنے کا حق دیا جائے۔ ان کے بچے کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں اور وہ دربدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، لہٰذا انہیں انصاف فراہم کیا جائے خواتین نے اعلان کیا کہ جب تک انہیں ان کا گھر واپس نہیں دیا جاتا، ان کا احتجاج جاری رہے گا

مزید خبریں

Back to top button