ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا مٹھی مارکیٹ کا دورہ، مضان کے تقدس کی خلاف ورزی پر دکاندار جیل منتقل، متعدد منافع خوروں پر جرمانے عائد

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف کے ہمراہ مٹھی شہر کی مارکیٹ کا دورہ کیا اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سرکار کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ سبزی، پھل، راشن، آٹے کی چکیوں سمیت مختلف دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے نرخ معلوم کیے گئے۔
رمضان المبارک کے مہینے کے تقدس کا احترام نہ کرنے والے ایک دکاندار کو جیل بھیج دیا گیا، جبکہ قیمتوں کی فہرست نمایاں طور پر آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے تمام تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء فروخت کریں، بصورت دیگر ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



