شہدادکوٹ میں بدامنی اور پولیس نااہلی کے خلاف شہری سراپا احتجاج

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شہدادکوٹ میں بدامنی اور پولیس نااہلی کے خلاف شہری سراپا احتجاج ٻن گئے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد نے بدامنی کے خلاف سبزی منڈی سے احتجاجی ریلی نکالی جس میں شہری اتحاد سمیت اساتذہ،طلبہ اور مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی. ریلی مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی مرکزی کوٹو موٹو چوک پر پہنچی جہاں پر دھرنا دیا گیا، دھرنے سے ٹریفک بلاک ہوگئی. اس موقع پر حاجی جاوید اختر کمبوہ، ممتاز ودھو، کامریڈ وہاب پندرانی، حبدار میرجت، محمد جان عابد اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ شہر اور تمام مضافاتی علاقوں میں بدامنی پھیلنے سے ڈاکو سرعام دن اور رات میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مصروف ہوگئے ہیں، گھروں، دکانوں، گلیوں اور دفاتر میں بھی شہری محفوظ نہیں، لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے. موبائل فون، موٹر سائیکلیں اور نقدی لیکر کوئی شہری نہیں چل سکتا، کہیں پر بھی اور کسی وقت بھی ڈاکو پہنچ جاتے ہیں جنہیں پولیس کا کسی قسم کا ڈر اور خوف نہیں. انہوں نے کہا کہ یہ بدامنی پولیس نااہلی کا ہی نتیجہ ہے، پولیس اہلکار تھانوں تک محدود ہیں اور وہ منشیات، جوا اور جرائم کے بدلے مبینہ طور پر منتھلی لینے میں مصروف ہیں. انہوں نے کہا کہ شہدادکوٹ ضلع قمبرشہدادکوٹ کا سب سے بڑا شہر ہے لیکن یہاں امن امان کی بحالی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی اور سب سے نااہل ایسے پولیس افسران تعینات کئے جا رہے ہیں جنہیں اپنے محلے میں بھی کوئی نہیں جانتا. انہوں نے عندیہ دیا کہ جب تک حالیہ جرائم میں ملوث ملزمان گرفتار کرکے شہریوں سے لوٹی گئی نقدی اور دیگر سامان برآمد نہیں کرایا جاتا یہ دھرنا دن اور رات جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button