رونتی کچے میں نادرا، صحت اور لائیو اسٹاک کی ٹیمیں پہنچ گئیں

کچے کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر،امن و امان قائم ہونے کے بعد علاقے کی رونقیں بحال

گھوٹکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی ہدایت پر رونتی کچے میں نادرا، صحت اور لائیو اسٹاک کی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ کچے کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر امن و امان قائم ہونے کے بعد علاقے کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ خبر کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی ہدایات پر رونتی کچے کے گاؤں دوست محمد شر میں نادرا، محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کی موبائل ٹیمیں پہنچ گئی ہیں، جہاں دو دن تک کچے کے رہائشیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پہلے دن پر ہی کچے کے مختلف دیہات ارباب علی شر، بخشو شر، مولوی غلام مصطفیٰ، ثنو شر، گڈو شر، وڈیرہ حاصل خان، عبدالکریم شر، عبدالحلیم شر، عبدالرحیم، سلیمان شر، محمد نواز اور الٰہی بخش کے رہائشی شناختی کارڈ بنوانے اور علاج معالجے کی سہولیات حاصل کرنے کے لیے پہنچے، جہاں مردوں، عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کچے کے رہائشیوں نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کچے کی تاریخ میں پہلی بار نادرا کی موبائل ٹیم پہنچی ہے، جس کے ذریعے یہاں کے لوگ بآسانی شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں مختیارکار اوباوڑو اور او ایس ممتاز میرانی نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھیجی گئی کتابیں اور قلم بچوں میں تقسیم کیے۔

مزید خبریں

Back to top button