ضلع میں سماجی خدمات کے شعبے میں مزید منظم اور ہدفی کام کرنے کی ضرورت ہے:ڈی سی ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ضلع میں کام کرنے والی مقامی اور غیر مقامی این جی اوز کے نمائندگان کا ایک اہم تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری فلاحی، تعلیمی، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے کہا کہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ضلعی انتظامیہ اور این جی اوز کے درمیان مؤثر رابطے کو فروغ دینا اور جاری منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام نمائندگان سے ان کے زیرِ تکمیل اور مکمل شدہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ لی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں سماجی خدمات کے شعبے میں مزید منظم اور ہدفی کام کرنے کی ضرورت ہے، خصوصاً ایسے پسماندہ علاقوں میں جہاں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے منشیات بالخصوص گٹکے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ناسور کے باعث نوجوان نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے، جس کی روک تھام کے لیے اسکولوں، کالجوں اور عوامی مقامات پر شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اسپورٹس کے فروغ، سرکاری اسکولوں کی مرمت، تعلیمی معیار کی بہتری اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ کوسٹل بیلٹ میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے مینگروز کی شجرکاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ سائیکلون اور دیگر آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جن دیہات میں پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر نہیں وہاں آر او پلانٹس نصب کیے جائیں، بے گھر مستحق افراد کو گھروں کی تعمیر میں مدد فراہم کی جائے اور جہاں پبلک واش رومز کی کمی ہے وہاں زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے لائبریریوں کو فعال بنانے اور انہیں ضروری کتب و سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا، خصوصاً تاریخی مقامات بھمبھور اور مکلی میں علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے لائبریریوں کے قیام کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے پبلک پارکس میں سہولیات کی بہتری، گرین بیلٹس میں شجرکاری، تاریخی شاہجہان مسجد کی ضروریات کی تکمیل اور عوامی فلاحی منصوبوں میں عملی اور نمایاں کام کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے این جی اوز کے نمائندگان کو بھمبھور سائٹ پر مینگروز کی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت بھی دی۔ اجلاس کے دوران این جی اوز کی جانب سے این او سیز کے اجرا میں تاخیر سے متعلق امور اٹھائے گئے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے مکمل یقین دہانی کروائی کہ این او سیز کے اجرا کے عمل کو شفاف اور تیز بنایا جائے گا تاکہ فلاحی منصوبوں میں رکاوٹ نہ آئے۔ این جی اوز کے نمائندگان نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضلع ٹھٹھہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button