چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی مکمل سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے،ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میں ضلع کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ری وائزڈ نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کے تحت ضلع میں کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی مکمل سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے، کیونکہ سیکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مضبوط بنانا، انٹیلیجنس روابط کو بہتر کرنا اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی قائم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی، سی پیک و نان سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے، چائلڈ پروٹیکشن، انسانی اسمگلنگ اور جبری مشقت کے خاتمے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع میں موجود تمام مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے اور غیر رجسٹرڈ مدارس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ زیر التوا این او سیز کے معاملات بھی فوری طور پر نمٹائے جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی سگریٹوں کی فروخت اور ترسیل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جبکہ غیر قانونی قبضوں اور غیر قانونی آبادیوں کے خاتمے کے لیے متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ قانونی و غیر قانونی فیول پمپس کی جانچ پڑتال کی جائے اور غیر معیاری یا کم مقدار میں پیٹرول فروخت کرنے والے پمپس کو سیل کیا جائے، جبکہ غیر رجسٹرڈ گوداموں کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع میں بھٹوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور وہاں کام کرنے والے غیر رجسٹرڈ یا غیر ملکی مزدوروں کی نشاندہی کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اوورلوڈنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس کے دوران اسمگلنگ، غیر قانونی ہورڈنگز، غیر قانونی ڈمپس، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، منشیات اور نشہ آور اشیاء کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بجلی چوری کے خاتمے، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور پوائنٹس آف سیلز کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

ڈی سی نے اسکولوں، درگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کے سامنے قائم غیر قانونی تجاوزات فوری ختم کرنے، پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی اور بچوں سے جبری مشقت لینے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں ضلع مٹیاری کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button