ماں اور بچے کے ابتدائی1000دنوں پر توجہ ناگزیر،تھرپارکر میں آگاہی پروگرام منعقد

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے) سندھ انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پروگرام کے1000دنوں سے متعلق آگاہی پروگرام،ماں اور بچے کے ابتدائی ایک ہزار دنوں پر توجہ ضروری ہے: ڈی ایچ او تھرپارکر
مٹھی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس تھرپارکر کے زیر اہتمام سندھ انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پروگرام کے تحت "ابتدائی ایک ہزار دن” کے موضوع پر آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں ماں اور بچے کی زندگی کے ابتدائی ایک ہزار دنوں کے دوران صحت اور غذائیت کی اہمیت پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔
آگاہی پروگرام میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی، سینئر پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ضیاء چنا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جئے پرکاش، تعلقہ میڈیکل آفیسرز، ایل ایچ ڈبلیوز، ویکسینیٹرز، میل موبلائزرز سمیت تھرپارکر کے سو سے زائد متعلقہ ملازمین نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی زندگی کا آغاز صحت مند ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں اور ماؤں کے ابتدائی ایک ہزار دن انتہائی اہم ہوتے ہیں، اس دوران صحت، غذائیت اور باقاعدہ طبی معائنے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوزائیدہ بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکے بروقت لگائے جائیں جبکہ ابتدائی دنوں میں مسلسل چیک اپ سے صحت کی صورتحال کا بروقت اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اگر ماں یا بچے کی صحت تسلی بخش نہ ہو تو فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ بہتر علاج ممکن ہو سکے۔
ڈی ایچ او نے کہا کہ ابتدائی ایک ہزار دنوں کے دوران صحت اور غذائیت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کے عملے کو مثبت اور بہتر رویے کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ضرورت ہے کیونکہ خوشگوار رویہ بھی بہتر نتائج کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین میں تعریفی اور تربیتی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔



