عوامی راج تحریک کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹسوری کیخلاف احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کی تقسیم سے متعلق دیے گئے بیان کے خلاف عوامی راج تحریک کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹسوری کے بیان کے خلاف بدین پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ایڈووکیٹ نورنبی سومرو، سرور لاکو اور ایڈووکیٹ صدام سومرو نے بدین پریس کلب کے سامنے “گو گورنر گو” اور “سندھ کی وحدت پر سودا نامنظور” کے نعرے لگائے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے ایسے انکشافات کیے جنہوں نے پوری سندھ کی توجہ حاصل کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے ریکارڈ کے مطابق دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ذوالفقار مرزا کے دورِ وزارتِ داخلہ میں موجودہ گورنر کامران ٹسوری کو بدین کے تعلقہ ٹنڈو باگو تھانے کی حدود سے موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا رہنماؤں نے کہا کہ جس شخص کا ماضی اس نوعیت کا ہو، آج وہ سندھ اور سندھیوں کے خلاف للکار رہا ہے، جو کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایک تاریخی اور ثقافتی وحدت ہے، اور سندھ کی تقسیم کی باتیں محض بیانات نہیں بلکہ ایک گہری سازش ہیں، جن کا مقصد صوبے کے امن کو تباہ کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے یاد رکھیں کہ سندھ کے لوگ اپنی دھرتی کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، اور ایسے بیانات سندھیوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہیں۔ ایڈووکیٹ نورنبی سومرو نے مظاہرے کے رہنماؤں کی جانب سے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ گورنر کے بیان کا فوری نوٹس لیا جائے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسے سندھ دشمن بیانات واپس نہ لیے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے سندھ میں پھیلایا جائے گا اور سندھ کا عوام سڑکوں پر ہوگا۔



