فرانس کا بھارت کو رافیل طیاروں کا سورس کوڈ دینے سے انکار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس سے 60 سے زائد رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کے باوجود بھارتی فضائیہ کو مکمل آپریشنل خودمختاری حاصل نہ ہو سکی۔
ملٹری واچ میگزین کی رپورٹ کے مطابق فرانس نے بھارت کو رافیل لڑاکا طیاروں کا سورس کوڈ فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث بھارت طیاروں میں اپنی مرضی کے مطابق تبدیلیاں اور اپ گریڈ نہیں کر سکے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت کو رافیل طیاروں کے الیکٹرانک وار فیئر سوٹس تک بھی مکمل رسائی حاصل نہیں ہوگی، جس سے جنگی حالات میں ان طیاروں کی افادیت محدود ہو سکتی ہے۔ کسی بھی ممکنہ جنگ کی صورت میں بھارتی رافیل طیارے تکنیکی معاونت کے لیے فرانس کے رحم و کرم پر ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں اس صورتحال کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت کو ’’دماغ کے بغیر رافیل طیارے‘‘ دیے گئے ہیں، اور طیاروں کی کارکردگی میں بہتری یا جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے بھارت کو آئندہ بھی فرانس پر انحصار کرنا پڑے گا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق یہ صورتحال بھارت کی فضائی جنگی خودمختاری پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں عسکری کشیدگی بڑھ رہی ہے۔



