تلہار میں پلاٹ پر زبردستی قبضے کا معاملہ، متاثرین نے انصاف کے لیے اپیل کر دی

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ پی کے)تلہار کے رہائشی شہباز ولد غلام مصطفیٰ گوپانگ نے اپنی اہلیہ اور بہن کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ تلہار کے بااثر افراد ارشاد کھیری، رستم کھیری اور مظہر کھیری ان کے پلاٹ کی دیواریں توڑ کر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شہباز گوپانگ کا کہنا تھا کہ مذکورہ پلاٹ انہوں نے سال 2017 میں الطاف کھیری سے خریدا تھا اور تمام قانونی کاغذات ان کے پاس موجود ہیں، تاہم ملزمان نے ان کے گھر پر چڑھائی کی اور دیواریں گرا دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تلہار پولیس سے رابطہ کیا گیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی سے ملاقات کر کے انصاف کی اپیل کی، جنہوں نے یقین دہانی کرائی۔ مگر ایس ایچ او تلہار اب تک ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا، جس کے باعث انہیں جان و مال کا شدید خطرہ لاحق ہے۔

شہباز نے مزید کہا کہ ملزمان پہلے بھی تلہار کے مختیارکار کو قتل کر چکے ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلا چکے ہیں، اسی وجہ سے ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین اور سیشن جج بدین سے اپیل کی کہ ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button