بھارت میں ایک اور طیارہ گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک

جھارکھنڈ (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ایک ایئر ایمبولینس کو المناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں عملے کے 2 ارکان اور ایک مریض بھی شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ایئر ایمبولینس پیر کی شب رانچی سے نئی دہلی جا رہی تھی کہ چترا ضلع میں گر کر تباہ ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بیچ کرافٹ سی 90 تھا، جو ایک مریض کو علاج کی غرض سے نئی دہلی منتقل کر رہا تھا۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کی ایک ٹیم جائے وقوعہ کے لیے روانہ کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے پولیس ٹیمیں موقع پر بھیج کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ مہاراشٹرا کے بارامتی میں چارٹر طیارے کی تباہی کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں پیش آیا ہے، جس کے باعث بھارت میں فضائی حفاظت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button