بنگلہ دیش کی نئی پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا

ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش کی تیرہویں جاتیہ سنگسد کے نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا۔

چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم نصیرالدین نے ارکان پارلیمنٹ سے حلف لیا، نامزد وزیراعظم طارق رحمان نے بھی بطور رکن پارلیمان حلف اٹھایا۔

 اس کے بعد نامزد وزیراعظم کے لیے پارلیمان میں ارکان پارلیمان حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کے بعد متوقع طور پر طارق رحمانب طور وزیراعظم حلف اٹھائیں گے، حلف برادری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف کی جگہ وفاقی وزیر احسن اقبال کر رہے ہیں۔

قبل ازیں بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے کہا کہ عبوری حکومت سبکدوش ہو رہی ہے، عام انتخابات میں ووٹرز، سیاسی جماعتوں نے مثال قائم کی۔

انہوں نے یہ اعلان قوم سے خطاب کے دوران کیا جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت اب سبکدوش ہو رہی ہے اور نئی منتخب حکومت کے آنے کا راستہ ہموار ہو چکا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش میں جمہوری عمل، آزادی اظہار اور بنیادی حقوق کو جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کی شاندار کامیابی کی بھی تعریف کی اور پارٹی کے سربراہ طارق الرحمان کو مبارکباد دی، محمد یونس نے کہا کہ انتخابات میں ووٹرز اور سیاسی جماعتوں نے ایک مثال قائم کی ہے، جس سے مستقبل میں جمہوری طریقہ کار مضبوط ہو گا۔

واضح رہے کہ عبوری حکومت تقریباً 18 ماہ سے ملک چلا رہی تھی، اس دوران محمد یونس نے 2024ء میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سیاسی عبوری دور کی قیادت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے منعقدہ عام انتخابات میں بی این پی نے دو تہائی اکثریت حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جس کے بعد نئی حکومت کے عہدے سنبھالنے کا اعلان ہوا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button