پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیرقانونی اقدامات مستردکردیئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیرقانونی اقدامات مسترد کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اسرائیلی قابض طاقت کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارہ کے علاقوں کو نام نہاد ریاستی ملکیت میں تبدیل کرنے اور غیر قانونی آبادکاری کی سرگرمیوں میں توسیع کی حالیہ کوششوں کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات نہ صرف عالمی قوانین بلکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے بھی منافی ہیں، اور عالمی برادری کو انہیں واضح طور پر مسترد کرنا چاہیے۔ترجمان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کو مسلسل نظرانداز کرنا اور اشتعال انگیز اقدامات خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے امکانات کو کمزور کر رہے ہیں۔ اسرائیلی اقدامات خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔



